اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبر پختونخوا کے نشپا بلاک (کوہاٹ) میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق براگزئی ایکس ون کنواں سے یومیہ 2 ہزار 280 بیرل تیل جبکہ 56 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ دریافت نشپا بلاک میں کنگریالی فارمیشن سے پہلی ہائیڈروکاربن دریافت ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان نے بتایا کہ براگزئی ایکس ون کنویں کی ڈرلنگ 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک مکمل کی گئی۔ نشپا بلاک میں او جی ڈی سی ایل 65 فیصد کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ پی پی ایل 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل 5 فیصد کے شراکت دار ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس نئی دریافت سے او جی ڈی سی ایل کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی.