حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 730 ملین ڈالر کے دو اہم منصوبوں پر دستخط

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان مجموعی طور پر 730 ملین ڈالر مالیت کے دو اہم ترقیاتی منصوبوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔

وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 330 ملین ڈالر مالیت کے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مستقبل میں پن بجلی کے مختلف منصوبوں سے پیدا ہونے والی تقریباً 2300 میگاواٹ بجلی کی قابلِ اعتماد ترسیل ممکن بنائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق 400 ملین ڈالر مالیت کے سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) کے ٹرانسفارمیشن پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ ترجمان وزارتِ اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے ایس او ای ایکٹ اور پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا، جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور گورننس میں بہتری آئے گی۔

ترجمان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان اقدامات کے لیے حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملکیتی اداروں کا اصلاحاتی پروگرام حکومتِ پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔

حکام کے مطابق ان منصوبوں سے توانائی کے شعبے میں استحکام اور سرکاری اداروں کی اصلاحات میں پیش رفت متوقع ہے، جو مجموعی طور پر ملکی معیشت کے لیے مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

Related posts

پاکستان میں سونے کی قیمت نے نئی تاریخ رقم کر دی، فی تولہ نرخ 4 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز

جولائی تا دسمبر 2025: تنخواہ دار طبقہ انکم ٹیکس کا بڑا بوجھ اٹھانے والا ثابت ایف بی آر کے اعداد و شمار، تنخواہ داروں کا ٹیکس رئیل اسٹیٹ سے دگنا نکلا

وینزویلا کے سیاسی بحران کے اثرات: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی