پنجاب حکومت کے گلف اسٹریم G500 طیارے کی خریداری پر قانونی نوٹس، قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات

لاہور: معروف قانون دان اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پنجاب حکومت کو مبینہ طور پر گلف اسٹریم G500 لگژری طیارہ خریدنے کے معاملے پر قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے، جس میں خریداری کے عمل میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

قانونی نوٹس کے متن کے مطابق گلف اسٹریم G500 طیارہ مبینہ طور پر اوپن بڈنگ کے بغیر خریدا گیا، جو کہ سرکاری پروکیورمنٹ رولز کی واضح خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری خریداری کے معاملات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے اوپن بڈنگ لازمی ہوتی ہے، تاہم اس معاملے میں اس اصول کو نظرانداز کیا گیا۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طیارے کو چلانے کیلئے تعینات کیے گئے غیر ملکی پائلٹس کی بھاری تنخواہوں کی تفصیلات بھی سامنے آچکی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک پائلٹ کو ماہانہ تقریباً 38 ہزار ڈالر جبکہ دوسرے کو 32 ہزار ڈالر تنخواہ ادا کی جا رہی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پائلٹس کی تنخواہوں اور ان کیلئے فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش کے اخراجات پر تقریباً 18 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جس سے سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔

قانونی نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس لگژری طیارے کی خریداری اور آپریشن کے باعث پنجاب کے خزانے پر سالانہ تقریباً 45 سے 80 کروڑ روپے تک کا اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے اپنے نوٹس میں مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو تحقیقات کیلئے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سپرد کیا جائے اور طیارے کی خریداری سے متعلق مکمل فرانزک آڈٹ بھی کرایا جائے تاکہ تمام مالی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارے کی خریداری سے متعلق تمام ریکارڈ اور معاہدوں کی تفصیلات پی پی آر اے پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں تاکہ عوام کو مکمل شفافیت کے ساتھ معلومات فراہم کی جا سکیں۔

قانونی نوٹس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس لگژری طیارے کے استعمال اور آپریشن کو فوری طور پر روکا جائے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر طیارے کا آپریشن بند نہ کیا گیا تو اس معاملے کو اعلیٰ عدلیہ کے سامنے اٹھایا جائے۔

Related posts

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت کی مبینہ 11 ارب روپے مالیت کے گلف اسٹریم جی 500 طیارے کی خریداری پر قانونی نوٹس جاری

اسلام آباد: عدالت نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کرنے اور پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا