ریلویز پولیس کی بڑی کارروائی — حساس ادارے کا جعلی افسر بہادر علی گرفتار

لاہور: ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس ڈویژن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خود کو حساس ادارے کا جعلی افسر ظاہر کرنے والے ملزم بہادر علی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فراڈ میں ملوث اس شخص کو ٹریس کیا، جو مختلف وارداتوں میں سرکاری دفاتر میں فون کرکے خود کو حساس ادارے کا اعلیٰ افسر ظاہر کرتا اور بلیک میلنگ کے ذریعے رقم بٹورتا تھا۔

فراڈ کا طریقہ واردات

پولیس کے مطابق 4 فروری 2025 کو ملزم نے ایس پی مغلپورہ ورکشاپس کے دفتر پر کال کرکے خود کو حاضر سروس افسر ظاہر کیا اور مغلپورہ کے دینی مدرسے کے معلم صوفی شوکت قادری سے رابطہ کروانے کی درخواست کی۔
رابطہ ہونے پر ملزم نے شوکت قادری پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا جھوٹا الزام لگایا اور کہا کہ ان کے مدرسے کے وضو خانے کے قریب دہشت گردوں سے منسوب موبائل سمز ملی ہیں۔
ملزم نے اس الزام کے تحت کارروائی سے بچانے کے لیے ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔

مدرسے کی انتظامیہ نے معاملے کی تصدیق کی تو پتہ چلا کہ یہ شخص جعلی افسر ہے اور فرضی نام سے فراڈ کر رہا ہے۔

مقدمہ درج اور گرفتاری

واقعے کی اطلاع پر ریلویز پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت تھانہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کیا اور ایس پی مغلپورہ ورکشاپس کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر راشد شاہ زمان، ایس ایچ او لیاقت علی، اے ایس آئی طاہر حسین، ہیڈ کانسٹیبل ظہور احمد، کانسٹیبل محمد راحیل اور احسن ارشد شامل تھے۔

ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا اور بالآخر گرفتار کرلیا۔

مزید تفتیش جاری

پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے ملک کے مختلف شہروں میں اسی نوعیت کے مزید فراڈ کیے ہیں۔
ریلویز پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی نامعلوم شخص کی جانب سے حساس ادارے کا حوالہ دینے یا رقم طلب کرنے کی صورت میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں۔

Related posts

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال کی ہوم ڈیپارٹمنٹ آمد، محفوظ بسنت اور قانون سازی پر بریفنگ

دال، چنا اور بیسن کی قیمتوں میں مزید کمی — معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ

اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ لاکھوں زندگیاں بدلنے لگا — وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 5 سال میں پانچ لاکھ گھروں کی فراہمی کا عزم