اسلام آباد: اسلام آباد پولیس کے افسر ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے اپنے گن مین سے بندوق لے کر خود کو گولی ماری۔
انہیں زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی انڈسٹریل ایریا فرائض انجام دے رہے تھے۔
واقعے سے کچھ دیر قبل حاجی کیمپ کا دورہ
واقعے سے کچھ دیر قبل ہی ایس پی عدیل اکبر نے حاجی کیمپ اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ان کے دورے کی تصاویر بھی شیئر کی گئی تھیں، جن میں وہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے نظر آرہے تھے۔
پولیس کی تحقیقات جاری
پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ خودکشی کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق، جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔