10
اسلام آباد میں خود کو امریکی سفارت خانے کا اہلکار ظاہر کرنے والے ایک جعل ساز کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم افغان شہری ہے جو مختلف فراڈ کیسز میں مطلوب تھا۔ ملزم نے جعلی شناخت کے ذریعے گاڑی میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے افغان شہری سے متعلق شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے فوری کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ملزم کے نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے.