گھوٹکی: پولیس نے گھوٹکی کے کچے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے خاتمے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق کچے کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 14 مسافروں کے اغوا کے واقعے کے بعد آپریشن ناگزیر ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں کچہ رجوانی، کچہ عمرانی اور کچہ کراچی کے علاقوں سے ڈاکوؤں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی انور کھیتران کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد کلیئر کیے گئے کچے کے علاقے راجن پور پولیس کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تباہ کیے گئے ڈاکوؤں کے بنکروں سے اسلحہ اور بارود کی برآمدگی کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ڈاکوؤں کے مورچوں میں موجود راکٹ اور دیگر دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے کا خدشہ ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران اتنی بڑی مقدار میں اسلحہ ملا ہے کہ شاید وانا اور وزیرستان جیسے علاقوں میں بھی اس کی مثال کم ہی ملتی ہو۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈاکوؤں نے ایک مسافر بس کو روک کر مسافروں کو اغوا کر لیا تھا اور انہیں کچے کے علاقوں میں لے گئے تھے، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے بھرپور آپریشن شروع کیا تھا