ٹانک: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس پر ایک اور دہشتگردانہ حملہ ہوا ہے جہاں تھانہ گومل بازار کی بکتر بند گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بکتر بند گاڑی تھانہ گومل سے معمول کی ڈیوٹی پر ٹانک شہر کی جانب روانہ تھی کہ گومل بازار روڈ پر پہلے سے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے اسے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کے باعث بکتر بند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں تھانہ گومل کے ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر اہلکاروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔
واقعے کے بعد شہید اہلکاروں کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی ایک کوشش ہے، تاہم ذمہ داران کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔