وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں وزراء نے ریلوے اصلاحات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشترکہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وفاقی وزیر مواصلات کو ریلوے میں جاری اصلاحات اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر مواصلات نے وزیر ریلوے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کے فوڈ پوائنٹس پر فوڈ اتھارٹیز کی انسپکشن ایک قابلِ تقلید اقدام ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ شراکت داری کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آٹومیشن ریلوے کا بنیادی مشن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔وزیر ریلوے نے ریلوے ملازمین کی محنت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بدترین سیلاب کے باوجود ریلوے کی مین لائن ون ایک دن کے لیے بھی بند نہیں ہوئی۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں دو سی آئی پی لاؤنجز تعمیر کیے جا رہے ہیں جن کا افتتاح اکتوبر میں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے ریلوے ریفارمز کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں جن کا وزیر ریلوے نے خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں، وزیر مواصلات نے وزیر ریلوے کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور مسافروں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ریلوے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔