وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے میں بجلی کی مد میں ہونے والی ریکارڈ بچت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پچھلے آٹھ ماہ کے دوران میٹرائزیشن اور سولرائزیشن جیسے جدید اقدامات سے ریلوے کو اربوں روپے کی بچت ہوئی۔ بجلی چوری کی مؤثر روک تھام نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور ریلوے ڈویژن میں 416.6 ملین روپے کی ریکارڈ بچت کی گئی، جبکہ لاہور ورکشاپ مغلپورہ میں 243 ملین کی بچت ممکن ہوئی۔ اس کے علاوہ کوئٹہ ڈویژن میں 38 ملین، راولپنڈی میں 75 ملین، کراچی میں 26 ملین، سکھر میں 60 ملین، ملتان میں 9.6 ملین اور پشاور ڈویژن میں 6.46 ملین روپے کی بچت کی گئی۔وزیر ریلوے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ “جو چوری کرے گا سیدھا جیل جائے گا”،حنیف عباسی نے کہا کہ جدید اقدامات کے باعث ریلوے کے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے اور ادارے میں شفافیت کے ساتھ اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔