ایل ڈی اے کی رواں سال کی تیسری نیلامی، سرمایہ کاروں کے لیے سنہری موقع رہائشی و کمرشل پلاٹس، پٹرول پمپ، مارکی سائٹس اور دیگر مقامات 21 اکتوبر کو نیلام ہوں گے
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے رواں سال کی تیسری بڑی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق یہ نیلامی 21 اکتوبر بروز منگل صبح 10 بجے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں منعقد کی جائے گی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر منعقد کی جانے والی اس نیلامی کو سرمایہ کاری کے خواہشمند شہریوں کے لیے بہترین موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
نیلام عام میں شامل پلاٹس اور اراضی
• نیلام عام میں ایل ڈی اے کی مختلف سکیموں میں واقع رہائشی اور کمرشل پلاٹس پیش کیے جائیں گے۔
• گرومانگٹ گلبرگ میں واقع 12 کنال کمرشل اراضی حقوق کرایہ داری کے لیے رکھی جائے گی۔
• جوہر ٹاؤن، جوبلی ٹاؤن، ایل ڈی اے ایونیو ون اور علامہ اقبال ٹاؤن کے رہائشی و کمرشل پلاٹس بھی نیلامی کا حصہ ہوں گے۔
• اسی طرح نیو گارڈن ٹاؤن، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن اور سبزہ زار سکیم میں واقع پلاٹس شامل ہیں۔
• مصطفیٰ ٹاؤن اور تاج پورہ کے رہائشی و کمرشل پلاٹس بھی نیلامی میں رکھے جائیں گے۔
دیگر اہم سائٹس
• نیلامی میں ایل ڈی اے اور نجی سکیموں میں واقع ایجوکیشن، ہیلتھ اور یوٹیلٹی سائٹس بھی شامل ہیں۔
• پٹرول پمپ اور مارکی سائٹس کے حقوق کرایہ داری بھی نیلام کیے جائیں گے۔
• قائداعظم ٹاؤن اور لبرٹی گلبرگ میں پٹرول پمپ سائٹس جبکہ جوہر ٹاؤن اور قائداعظم ٹاؤن میں مارکی سائٹس لیز پر دی جائیں گی۔
• اس کے علاوہ ایل ڈی اے کے مختلف سپورٹس کمپلیکسز میں واقع کیفے ٹیریاز اور سیلونز کے حقوق کرایہ داری بھی نیلامی میں شامل ہوں گے۔
سرمایہ کاروں کے لیے موقع
ایل ڈی اے حکام کے مطابق یہ نیلامی سرمایہ کاروں کے لیے نہ صرف محفوظ بلکہ منافع بخش سرمایہ کاری کا سنہری موقع ہے۔ تمام پلاٹس اور سائٹس کی قانونی اور تکنیکی جانچ مکمل کی جا چکی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔