پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 36واں اجلاس، پاک–ساؤتھ افریقہ سیریز کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 36واں اجلاس صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی و دیگر معاملات پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں پاک–ساؤتھ افریقہ کرکٹ سیریز کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب کے 7 اضلاع میں 36 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ کی جانب سے خصوصی کمیٹی کی تشکیل خوش آئند ہے، جبکہ قیدیوں کی پیرول پر رہائی کے قوانین کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ اگلے اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے کرکٹ میچز کے انتظامات کے لیے پی سی بی سے کوآرڈی نیشن کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پولیس چوہدری سلطان، اسپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول سمیت اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ راولپنڈی اور فیصل آباد سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

Related posts

نیب لاہور آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس سرکاری اراضی کی واگزاری، حکومتی ملکیت کی بحالی اور آئندہ حکمتِ عملی پر اہم فیصلے

ایل ڈبلیو ایم سی کا داتا گنج بخش ٹاؤن میں خصوصی صفائی آپریشن، 20 سے زائد ہاٹ سپاٹ ایریاز کلیئر

وزیر زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر کمیشن کا اجلاس، آلو اور کینو کی برآمدات بہتر بنانے پر زور