پنجاب میں سموگ گنز کے کامیاب استعمال سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی کامیاب آزمائش

لاہور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں سموگ گنز کے استعمال سے فضائی معیار بہتر بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ لاہور کے علاقے کانہہ میں کیے گئے اس تجربے کے دوران فضائی آلودگی میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، کانہہ میں سموگ گنز کے استعمال سے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 666 سے کم ہو کر 170 پر آ گیا، یعنی فضائی آلودگی میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کامیاب تجربے کی تصدیق جدید سائنسی ماحولیاتی نگرانی کے نظام کے ذریعے کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سموگ سے بچاؤ اور شہریوں کو سانس کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اینٹی سموگ گنز متعارف کرائی گئی تھیں۔ کانہہ میں ان گنز کے باضابطہ استعمال کا یہ پہلا تجربہ تھا جو مکمل طور پر کامیاب رہا۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (EPA) کے سموگ کنٹرول وار روم نے کانہہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں اچانک اضافہ نوٹ کیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سموگ گنز کے تین موبائل یونٹس موقع پر روانہ کیے گئے۔ گنز کے اسپرے کے چند منٹوں بعد ہی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس کی ٹیم کو اس کامیابی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ

“پنجاب عوام کی خدمت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں سب سے آگے ہے، الحمد للہ۔”

وزیراعلیٰ نے عوام اور ماحولیاتی تحفظ کی ٹیم کو اس کامیاب آزمائش پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ یہ اقدام صوبے میں صاف فضا اور صحت مند ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

Related posts

وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن ’میگنی فسنٹ پنجاب‘ کے تحت تاریخی ورثے کے تحفظ کے منصوبے جاری

پنجاب کی جیلوں کے لیے 32 جونیئر سائیکالوجسٹس کی تربیت مکمل، تقریب تقسیمِ اسناد کا انعقاد

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ماحول دوست وژن سے پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کا رجحان کم ہونے لگا