ملتان: عالمی یومِ آثارِ قدیمہ کے موقع پر محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کی جانب سے صوبے کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان محکمہ آثارِ قدیمہ کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن “میگنی فسنٹ پنجاب” اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی رہنمائی میں تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے جامع منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ڈی جی آثارِ قدیمہ پنجاب ظہیر عباس ملک نے اس موقع پر نئے قائم شدہ ملتان میوزیم کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ترجمان کے مطابق، میوزیم کے اندرونی ڈیزائننگ کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ گیلریوں میں نوادرات کی ترتیب اور نمائش کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔
دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر (سروے) عمران زاہد اور کنسلٹنٹ آثارِ قدیمہ محمد حسن نے ڈی جی آثارِ قدیمہ کو منصوبے کی پیش رفت اور آئندہ مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی جی آثارِ قدیمہ ظہیر عباس ملک نے ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات جاری کیں۔
ترجمان کے مطابق، یہ اقدام پنجاب کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کے تحفظ و فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے تاریخ و تہذیب کے خزانوں کو محفوظ رکھنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔