پنجاب حکومت کا سموگ کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاہور کا اے کیو آئی کنٹرول میں: مریم اورنگزیب

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے نو محکموں کا سموگ کے خلاف گرینڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق، پنجاب حکومت کے مسلسل اقدامات، اداروں کی کوششوں اور عوامی تعاون کے نتیجے میں لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) کنٹرول میں ہے، جو ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انوائیرمنٹ پروٹیکشن فورس اور متعلقہ تمام سیکٹورل اسکواڈز فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ بھٹوں کی نگرانی ڈرونز کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سموگ گنز اور ایئر کوالٹی مانیٹرز فیلڈ میں موجود ہیں جو فضائی معیار کی مسلسل پیمائش کر رہے ہیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ائیر کوالٹی انڈیکس کی فورکاسٹنگ کی بنیاد پر بروقت آپریشن اور “آل آف گورنمنٹ اسٹریٹجی” کے تحت مربوط کارروائیاں کی گئیں، جس سے اے کیو آئی کی سطح کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، اینٹی سموگ مشینری، ڈیٹا کی بروقت فراہمی اور اداروں میں بہترین ہم آہنگی نے فضائی آلودگی کو “آلودہ” سے “کنٹرولڈ” سطح پر لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تمام محکموں کے افسران اور عملے کو بہترین کارکردگی پر شاباش کا پیغام بھی پہنچایا۔

انہوں نے بتایا کہ جدید موسمیاتی ڈیٹا سینٹر نے زیادہ آلودگی والے علاقوں کی پیشگی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد موسمیاتی بہتری کی ٹیموں نے “ہاٹ سپاٹس” میں سموگ گنز کے ذریعے کارروائیاں کیں، جس سے فضائی معیار میں فوری بہتری آئی۔

مزید کہا گیا کہ کھلی جگہوں پر تعمیراتی مواد کو ڈھانپنے کے اقدامات بروقت کیے گئے، جبکہ ٹریفک پولیس نے ٹرکوں، ٹرالیوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر وقتی پابندیاں عائد کیں تاکہ گرد و غبار میں کمی لائی جا سکے۔
سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی جاری ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ واسا، ایل ڈی اے، پی ایچ اے، سی اینڈ ڈبلیو اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رات کے وقت سے ہی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ سموگ کے اثرات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے فصلوں کی باقیات نہ جلانے کے لیے صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے، جس میں کسانوں نے بھرپور شرکت کی۔
محکمہ زراعت کے افسران اور عملے پر مشتمل 1,354 افراد پر مشتمل فورس فیلڈ میں متحرک ہے۔

آخر میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے حکومت کی ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کر کے سموگ پر قابو پانے کی قومی مہم میں بھرپور تعاون کیا۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت واسا لاہور سموگ کے تدارک کے لیے سرگرم، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا شہر بھر میں دورہ

خواجہ سعد رفیق اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا سی بی ڈی اور والٹن کا دورہ، ترقیاتی کاموں کے معیار پر اطمینان کا اظہار

تیار گوشت پر پابندی کی خبر بے بنیاد، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی وضاحت