لاہور: پنجاب حکومت کے تاریخی عوامی فلاحی منصوبے “اپنی چھت، اپنا گھر” کے تحت بے گھر اور کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنے گھروں کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پانچ سال کے دوران پانچ لاکھ خاندانوں کو اپنے گھروں کا مالک بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت گھروں کی تکمیل کے بعد سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے مستفید خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے گھروں کا دورہ کیا۔ انہوں نے گھر مکمل کرنے والے خاندانوں کو مبارکباد دی اور ان کے جذبے کو سراہا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے گھر مکمل کرنے والے خاندانوں کے لیے تحفے بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر گھروں کے مالکان خوشی سے نہال دکھائی دیے اور کہا:
“کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہم بھی اپنے گھر کے مالک بنیں گے۔ ہم مریم نواز شریف کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے عوام کے لیے حقیقی فلاحی منصوبہ شروع کیا۔”
مستفید خاندانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے ڈھیروں دعائیں کیں اور اس منصوبے کو زندگی بدلنے والا قرار دیا۔
نورالامین مینگل نے کہا کہ گھر مکمل کرنے والے تمام خاندان دراصل اس پروگرام کے ایمبیسیڈر ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ دیگر مستحق خاندانوں کو بھی اس منصوبے کی افادیت سے آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کو خوبصورت اور منظم بنانے والے مالکان کو سراہا جائے گا، جبکہ جلد بہترین فساڈ (Frontal Design) تیار کرنے والے خاندانوں کے لیے انعامات بھی دیے جائیں گے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا:
“ہمارا مقصد ہر اس خاندان تک پہنچنا ہے جو اپنے گھر کا خواب پورا کرنا چاہتا ہے۔ ہر ایک گھر اس پروگرام کی کامیابی کی روشن مثال ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر جب مستفید خاندانوں سے ملاقات کی گئی تو ان کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔