ای بز پورٹل صوبہ میں عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز ہے، چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ ای بز پورٹل صوبے میں عوامی خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جو شفافیت، سہولت اور تیز رفتار سروسز کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور محکموں کے ڈائریکٹرز جنرل کے ساتھ ای بز پورٹل، شہروں کی خوبصورتی کے منصوبوں اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ای بز پورٹل کی شاندار کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ لندن میں مقیم ایک پاکستانی شہری کو صرف 48 گھنٹوں میں گھر بیٹھے این او سی کی آن لائن فراہمی پورٹل کی کامیابی کا بہترین مظہر ہے، جس پر شہری نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کی بھرپور تعریف کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے ای بز پورٹل کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس جدید سروس سے مستفید ہوسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا سرکاری افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے شہروں کی خوبصورتی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

مزید برآں، انہوں نے آٹا، چینی، روٹی اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کی صورت میں بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں چیئرمین پی آئی ٹی بی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سرکاری محکموں سے این او سیز کے آسان اور آن لائن حصول کے لیے ای بز پورٹل قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پورٹل پر اب تک 2878 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں سے 1130 درخواستوں پر منظوری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، اور تمام مراحل ایک مکمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں۔

Related posts

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال کی ہوم ڈیپارٹمنٹ آمد، محفوظ بسنت اور قانون سازی پر بریفنگ

دال، چنا اور بیسن کی قیمتوں میں مزید کمی — معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ

ریلویز پولیس کی بڑی کارروائی — حساس ادارے کا جعلی افسر بہادر علی گرفتار