لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں آوارہ کتوں کے کاٹنے اور کھلے مین ہولز کے باعث پیش آنے والے حادثات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسائل انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سول سیکرٹریٹ لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی تحفظ، شہری سہولیات اور صفائی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے آوارہ کتوں اور کھلے مین ہولز کے مسئلے کے مؤثر سدباب کے لیے واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور اس حوالے سے غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کا تحفظ ہے اور ذمہ داری میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، سڑکوں پر موجود گڑھوں کے خاتمے اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے کیے جانے والے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اضلاع میں قائم پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) اور واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیز (واسا) کو فوری طور پر مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں پی ایچ ایز کے لیے درکار انسانی وسائل اور فنڈز سے متعلق جامع پلان دو روز کے اندر پیش کیا جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔