لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیجیٹل گورننس کے وژن کے تحت ای بز پورٹل پر سروسز کی تعداد مارچ 2026 تک 310 تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یکم فروری سے ای بز پورٹل کی تمام سہولیات صرف آن لائن دستیاب ہوں گی، اور درخواست گزار کو کسی بھی دفتری کام کے لیے دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کے دوران کہا کہ انتظامی امور کی ڈیجیٹلائزیشن عوام کو دفتروں کے چکروں سے نجات دے گی اور سرکاری امور میں شفافیت اور تیزی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای بز اور ای فاس کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور پی آئی ٹی بی کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس میں چیئرمین پی آئی ٹی بی نے تفصیلی بریفنگ دی، جس کے مطابق ای بز پورٹل پر 15 محکموں کی جانب سے 210 خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور اب تک 17,622 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں ساڑھے 14 ہزار پر منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے محکموں میں کامیابی کے بعد فیلڈ دفاتر اور ذیلی اداروں کو بھی ای فاس پر منتقل کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ڈیجیٹلائزیشن کا دائرہ وسیع کیا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، اور تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
پی آئی ٹی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ پورٹل پر آن لائن خدمات کی فراہمی سے نہ صرف عوام کے وقت کی بچت ہوگی بلکہ درخواستوں کی نگرانی اور منظوری کا عمل بھی شفاف اور مؤثر ہو گا۔