ایل ڈبلیو ایم سی کا داتا گنج بخش ٹاؤن میں خصوصی صفائی آپریشن، 20 سے زائد ہاٹ سپاٹ ایریاز کلیئر

لاہور: لاہور شہر میں صفائی کے بہترین نظام کو برقرار رکھنے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (LWMC) کی ٹیمیں داتا گنج بخش ٹاؤن سمیت شہر بھر میں متحرک ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے 2000 سے زائد ورکرز اور 350 سے زائد آپریشنل گاڑیاں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں سرگرم ہیں، جبکہ 148 لوڈر رکشے گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

خصوصی صفائی اقدامات کے تحت داتا گنج بخش ٹاؤن میں موجود اوپن پلاٹس اور 20 سے زائد ہاٹ سپاٹ ایریاز کی کلیئرنس مکمل کی گئی۔ مزید برآں سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ، چوبرجی چوک، ڈی سی آفس، آؤٹ فال روڈ، داتادربار، لکشمی چوک اور چائنا چوک کے اطراف خصوصی صفائی آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئے۔

اسی طرح گوالمنڈی چوک، نسبت روڈ، شملہ پہاڑی، لوئر مال، لیٹن روڈ، فیروزپور روڈ، شادمان اور لارنس روڈ میں بھی صفائی کا عمل بلاتعطل جاری ہے۔ شادمان میں قائم عارضی کولیکشن پوائنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے۔

یہ صفائی آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’ستھرا پنجاب‘ کے تحت لاہور کے 9 ٹاؤنز میں مرحلہ وار خصوصی صفائی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کے لیے صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔

ایل ڈبلیو ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں تعاون کریں، کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں اور صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1139 یا سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کریں۔

Related posts

نیب لاہور آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس سرکاری اراضی کی واگزاری، حکومتی ملکیت کی بحالی اور آئندہ حکمتِ عملی پر اہم فیصلے

وزیر زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر کمیشن کا اجلاس، آلو اور کینو کی برآمدات بہتر بنانے پر زور

پنجاب حکومت کا ڈیجیٹل گورننس ویژن: ای بز پورٹل پر سہولیات 310 تک پہنچانے کا ہدف