لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور آفس میں سرکاری اراضی کی واگزاری، حکومتی ملکیت کی بحالی اور ناجائز قبضوں کے خلاف آئندہ حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں سرکاری زمین پر قابض عناصر کے خلاف اب تک کی گئی کارروائیوں، حاصل شدہ پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر اور چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کی۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (SMBR) نبیل جاوید، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی نیب سید احتشام قادر، ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز، ڈی جی (آپریشنز) نیب امجد مجید اولکھ، ڈی جی نیب ملتان عاصم لودھی سمیت اعلیٰ حکومتی و نیب افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ کمشنرز لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور بہاولپور، ڈائریکٹر IW-I، ڈائریکٹر IW-III نیب اور دیگر سینئر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیب، صوبائی حکومت اور بورڈ آف ریونیو کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کے نتیجے میں اب تک صوبائی حکومت کے نام پر انتقال شدہ اور نشاندہی کی گئی سرکاری اراضی کا مجموعی رقبہ 1 کروڑ 56 لاکھ 67 ہزار 577 کنال ہے، جس کی تخمینی مالیت تقریباً 4.37 کھرب روپے بنتی ہے۔ یہ پیش رفت سرکاری اثاثوں کے تحفظ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دی گئی۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی کو باقاعدہ طور پر حکومتی ملکیت میں بحال کر کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف مزید سخت اور جامع قانونی کارروائیوں کے آغاز، مستقل نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے اور شفاف و جدید ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو مزید مضبوط کرنے کے فیصلے بھی کیے گئے۔
ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے چیئرمین نیب کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ریاستی اثاثوں کے تحفظ اور باہمی تعاون پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں نیب اپنی ذمہ داریاں پوری قوت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کی کارکردگی کا اعتراف ادارے کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکائے اجلاس نے نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا، مستقبل میں بھی مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور ناجائز قبضوں کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائیوں کے تسلسل پر اتفاق کیا۔