پی آئی ٹی بی اور ‘iamtheCODE’ کے درمیان نوجوانوں کو STEAMED ایجوکیشن کے ذریعے بااختیار بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور: پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) اور عالمی تعلیمی تنظیم ‘iamtheCODE’ کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) طے پا گئی، جس کا مقصد نوجوانوں کو STEAMED ایجوکیشن (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس، میتھمیٹکس، انٹرپرینیورشپ اور ڈیزائن) کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔

تقریب کی صدارت پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل کلثوم ثاقب نے کی۔
ایم او یو پر پی آئی ٹی بی کی جانب سے ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ عطاالرحمٰن جبکہ ‘iamtheCODE’ کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیڈی ماریئم جیم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر سکلز ڈویلپمنٹ احمد اسلام بھی موجود تھے۔

تعاون کے تحت ‘iamtheCODE’ پی آئی ٹی بی کو پانچ لاکھ مفت یوزر اکاؤنٹس فراہم کرے گا، جن کے ذریعے پنجاب کے طلباء و طالبات عالمی معیار کے آن لائن کورسز، ورکشاپس اور اپرنٹس شپ پروگرامز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

یہ پروگرامز خاص طور پر نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کو ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

پی آئی ٹی بی ان تعلیمی مواقع کو یونیورسٹیوں، کالجوں اور اپنے تربیتی پروگرامز کے طلباء و طالبات تک پہنچائے گا تاکہ پنجاب میں عالمی معیار کی ڈیجیٹل تعلیم تک برابر کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے اس اقدام کو پنجاب میں ڈیجیٹل ایجوکیشن کے فروغ میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:

“اس تعاون کے ذریعے پانچ لاکھ پاکستانی نوجوان عالمی سطح کے تعلیمی پلیٹ فارمز سے منسلک ہوں گے۔ ہمارا ہدف ہے کہ ہر سیکھنے والا، چاہے وہ کسی بھی علاقے سے تعلق رکھتا ہو، خواب دیکھ سکے، ڈیزائن کر سکے اور ایسے جدید حل تخلیق کرے جو ڈیجیٹل پنجاب کے قیام میں معاون ثابت ہوں۔”

Related posts

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد — ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد طلبا کا میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے امتحان

سی ایس ایس 2024: ایف پی ایس سی نے اسامیوں کی تفصیلات جاری کر دیں

پنجاب میں میڈیکل داخلہ ٹیسٹ (MDCAT) 26 اکتوبر کو ہوگا — 50 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹرڈ