کراچی: آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2025 کے ابتدائی نتائج جاری کر دیے گئے، جن میں کراچی کے طلبہ نے سندھ بھر میں سبقت حاصل کر لی۔ پہلی تینوں پوزیشنز کراچی کے امیدواروں نے اپنے نام کر لیں جبکہ ٹاپ 124 امیدواروں میں سے 41 کا تعلق کراچی سے ہے۔
نتائج کے مطابق، سندھ بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز سے اے ون اور اے گریڈ حاصل کرنے والے 56 فیصد طلبہ ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں فیل ہوگئے، جبکہ بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار بھی ناکام رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق:
• ایم بی بی ایس کے لیے 14,300 امیدوار 55 فیصد (99 نمبر) یا اس سے زائد نمبر لے کر کامیاب ہوئے۔
• بی ڈی ایس کے لیے 17,123 امیدوار 50 فیصد (90 نمبر) یا اس سے زائد نمبر لے کر کامیاب ہوئے۔
• اس طرح ایم بی بی ایس میں 56 فیصد اور بی ڈی ایس میں 48 فیصد امیدوار ناکام قرار پائے۔
پوزیشن ہولڈرز:
• پہلی پوزیشن: سید محمود خان ولد عدالت خان (کراچی ضلع غربی) — 180 میں سے 175 نمبر
• دوسری پوزیشن: فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان (کراچی کورنگی) اور شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری (ضلع قمبر شہداد کوٹ) — 174 نمبر
• تیسری پوزیشن: محمد ریان ہمایوں ولد ہمایوں فاروق (کراچی شرقی)، ماہ نور شاہنواز بنت سید شاہنواز حسین (کراچی کورنگی) اور حرا عابد ولد عابد علی سیہتو (حیدرآباد) — 173 نمبر
ٹاپ ٹین میں 124 امیدوار شامل ہیں جن میں سے 41 کا تعلق کراچی سے، جبکہ دیگر امیدوار حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، اور قمبر شہداد کوٹ سے ہیں۔
وائس چانسلر آئی بی اے سکھر یونیورسٹی ڈاکٹر آصف شیخ کے مطابق،
“ایم ڈی کیٹ 2025 کے عارضی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، امیدوار اپنی شکایات یا اعتراضات یکم نومبر 2025 کو شام 5 بجے تک ای میل کے ذریعے جمع کر سکتے ہیں۔ اتوار کی شام 5 بجے حتمی نتائج جاری کر دیے جائیں گے۔”
ایم ڈی کیٹ 2025 کا یہ امتحان صوبہ سندھ بھر کے طلبہ کے لیے واحد داخلی میڈیکل انٹری ٹیسٹ تھا جس میں لاکھوں طلبہ نے حصہ لیا۔