طلبہ کی صحت کے پیش نظر بڑا فیصلہ، پنجاب کے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ مزید بڑھا دی گئیں

لاہور: طلبہ کی صحت اور شدید موسم کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ مزید بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی اعلان وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے کیا۔

وزیر تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ عوامی رائے اور مشاورت کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے لیے سوشل میڈیا پر باقاعدہ سروے کرایا گیا تھا۔ عوامی سروے میں بھاری اکثریت نے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی، جس کے بعد اب صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 19 جنوری سے کھلیں گے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں سردی اور موسم کی شدت میں اضافے کے باعث طلبہ خصوصاً کم عمر بچوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ تھا، اسی لیے چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت طلبہ کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

وزیر تعلیم کے مطابق عوامی سروے میں تقریباً 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کی حمایت کی، جبکہ صرف 13 فیصد افراد نے تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھولنے کے حق میں رائے دی۔ اعداد و شمار کے مطابق 19 جنوری کے حق میں 1 لاکھ 54 ہزار 178 ووٹ کاسٹ ہوئے، جبکہ 12 جنوری کے حق میں 24 ہزار 829 ووٹ سامنے آئے۔

انہوں نے تمام ضلعی چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، تاکہ کسی قسم کی ابہام یا خلاف ورزی نہ ہو۔

تعلیمی حلقوں اور والدین کی جانب سے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی وزیر تعلیم کے عوامی مشاورت پر مبنی اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔

Related posts

سندھ حکومت کی طرف سے آکسفورڈ یونیورسٹی اسکالرشپ کا اعلان

لاہور: محکمہ ماحولیات نے پنجاب یونیورسٹی کی دھواں چھوڑنے والی دو بسیں بند کردیں

صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری