لاہور: محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اسکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت نئے اوقات کا اطلاق 19 جنوری سے 15 اپریل 2026 تک ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبدیلی موسم اور تعلیمی نظم و ضبط کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں سنگل شفٹ سرکاری اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز تدریسی اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ڈبل شفٹ سرکاری اسکولوں کے لیے بھی نئے اوقات جاری کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صبح کی شفٹ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ دوپہر کی شفٹ 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں اساتذہ کے لیے بھی نئی ہدایات شامل کی گئی ہیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک اساتذہ کے اوقاتِ کار میں تدریسی تیاری، پیشہ ورانہ تربیت، اسکل ڈویلپمنٹ اور ٹریننگ سیشنز کو باضابطہ طور پر شامل کیا گیا ہے، تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
مزید برآں محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ اساتذہ کی متبادل ہفتوں میں ہفتہ کے روز حاضری لازمی ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، نصابی اہداف کا بروقت حصول اور تدریسی نظام کو مؤثر بنانا بتایا گیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ نئے اوقاتِ کار اور انتظامی اقدامات سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کو منظم تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔