کرور (بھارت): بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور تامیلاگا ویٹری کازگم (ٹی وی کے) پارٹی کے سربراہ جوزف وجے چندرا شیکھر المعروف تھلاپتی وجے کی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست تمل ناڈو کے شہر کرور میں پیش آیا، جہاں وجے کی سیاسی ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ رپورٹ کے مطابق تقریب میں 30 ہزار افراد کی آمد متوقع تھی لیکن ریلی میں تقریباً 60 ہزار افراد پہنچ گئے، جس کے باعث جگہ کی کمی اور ہجوم کے دباؤ سے بھگدڑ مچ گئی۔
ہلاکتیں اور زخمی
رپورٹس کے مطابق بھگدڑ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے اور 16 خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
وجے کا ردعمل
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے دوران تھلاپتی وجے اسٹیج پر موجود تھے اور انہوں نے اپنا خطاب فوری طور پر روک دیا۔ انہوں نے ہجوم میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے اسٹیج سے پانی کی بوتلیں پھینکنے کی بھی کوشش کی۔ تاہم رش اور افراتفری کے باعث ایمبولینسوں کو بروقت متاثرین تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
سیاسی و فلمی حلقوں میں صدمہ
بھگدڑ کے اس افسوسناک واقعے نے تمل ناڈو سمیت پورے بھارت کو سوگوار کردیا ہے۔ سیاسی و سماجی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بالی وڈ اور تمل فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔