کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے روشنیوں کے شہر کراچی سے جذباتی انداز میں معافی مانگ لی۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک طویل نوٹ میں شہر سے اپنی محبت، دکھ اور احساسِ ذمہ داری کا اظہار کیا۔
“میں حیران رہ جاتی ہوں اپنے شہر کو دیکھ کر”
ماہرہ خان نے لکھا:
“کبھی کبھی میں اپنے شہر کو دیکھ کر حیران رہ جاتی ہوں۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میرا کام مجھے ایسی جگہوں پر لے جاتا ہے جہاں میں شاید کبھی نہ جاتی۔ میں نے گلیوں اور چھوٹی بستیوں کو قریب سے دیکھا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف حصوں میں غربت، بجلی کی بندش، گندگی اور معاشی مشکلات واضح طور پر نظر آتی ہیں۔
“میں نے ایسے گھر دیکھے جہاں گھنٹوں بجلی نہیں ہوتی، لوگ روزانہ کھانے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں، کئی ہفتوں سے جمع گندگی کے ڈھیر ہیں۔ شہر میں امیر اور غریب کے درمیان فرق بہت زیادہ ہے۔”
“غم میں بھی امید دیکھی”
ماہرہ خان نے اپنے نوٹ میں شہر کے مثبت پہلوؤں کا بھی ذکر کیا:
“میں نے یہ بھی دیکھا کہ بچے ہنس رہے ہیں، کچھ اسکول سے واپس آ رہے ہیں، ایک ماں بیٹے کے لیے تازہ پراٹھے بنا رہی ہے جو روزی کمانے جا رہا ہے۔ میں نے ایک گلی دیکھی جہاں ایک مندر، چرچ اور مسجد ساتھ ساتھ ہیں۔”
اداکارہ نے کہا کہ انہیں ان چہروں پر اداسی کے ساتھ امید نظر آئی،
“میں نے جدوجہد کے اندر زندگی دیکھی۔”
“برنس روڈ سے کہانی شروع ہوئی”
ماہرہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ویڈیو کا آغاز برنس روڈ سے کیا اور پھر کراچی کی مختلف چھوٹی گلیوں کو دکھایا۔
اداکارہ نے آخر میں کراچی سے معافی مانگتے ہوئے لکھا:
“میں نے تمہیں خوبصورت دیکھا ہے، مگر تمہیں وہ توجہ نہیں دے سکے جس کے تم حقدار ہو۔ معاف کرنا، کراچی۔”
ان کے اس جذباتی پیغام پر مداحوں نے کمنٹس میں محبت، احترام اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے ماہرہ خان کے احساس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔