معروف بھارتی اداکار اسرانی 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

ممبئی: بھارت کے لیجنڈری اور ورسٹائل اداکار شری گووردھن اسرانی 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار طویل علالت کے بعد آج شام ممبئی میں چل بسے۔ ان کے بھتیجے نے اسرانی کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

پانچ دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر میں اسرانی نے ہندی فلم انڈسٹری کو بے شمار یادگار کردار دیے اور ناظرین کے دلوں میں ایک منفرد مقام بنایا۔

اسرانی کا فلمی سفر 50 برس سے زائد پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے 350 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ وہ اپنے مزاحیہ اور معاون کرداروں کے ذریعے بھارتی سنیما میں ایک مضبوط شناخت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔

1970 کی دہائی اسرانی کے کیریئر کا سنہری دور قرار دی جاتی ہے، جب وہ بالی ووڈ کے مقبول ترین اور قابلِ اعتماد کردار اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔

انہوں نے “میرے اپنے”، “کوشش”، “باورچی”، “پریچے”، “ابھی مان”، “چپکے چپکے”، “چھوٹی سی بات”، “رفو چکر” اور “شعلے” جیسی مشہور فلموں میں یادگار کردار نبھائے۔ فلم شعلے میں جیل وارڈن کے ان کے کردار کو آج بھی ناظرین محبت سے یاد کرتے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے “دھمال”, “بھول بھلیاں” اور “بنٹی اور ببلی 2” جیسی فلموں میں بھی اپنی شاندار اداکاری سے نیا رنگ بھرا۔ ان کی بےمثال کامک ٹائمنگ اور ڈائیلاگ ڈلیوری نے انہیں بھارتی سنیما کا ایک ناقابلِ فراموش فنکار بنا دیا۔

اسرانی کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی بھارتی فلم انڈسٹری کے فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Related posts

یاسر حسین کا انکشاف — بیٹے کبیر کی خاطر ڈیفنس چھوڑ کر نیا علاقہ اختیار کی

پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کے ہاں بیٹے کی پیدائش، مداحوں کو خوشخبری سنا دی

ماورا حسین اور امیر گیلانی کی کینیڈا میں ہنی مون کی تصاویر وائرل