نیویارک: پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کو ثقافت کے فروغ اور فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کی جانب سے “کلچرل آئیکون ایوارڈ” سے نوازا گیا۔
ایوارڈ تقریب میں علی ظفر کے فنی سفر اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ثقافت کے فروغ کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
ایوارڈ ملنے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر نہایت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فن کی طاقت سرحدوں سے ماورا ہو کر دلوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور یہی فن کی اصل خوبصورتی ہے۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ وہ اپنی علی ظفر فاؤنڈیشن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور سیلاب متاثرین کی بحالی جیسے فلاحی منصوبوں پر مسلسل کام کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے علی ظفر کو پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔