لاہور: معروف کامیڈین برکت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی خدمت میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دینے کے لیے تاحال شادی نہیں کر سکے۔
نجی ٹی وی کے ایک شو میں ساتھی کامیڈین عظمی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے برکت علی نے اپنی ذاتی زندگی کے جذباتی پہلو پر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ “میرے والد کا انتقال اُس وقت ہوا جب میری عمر صرف 14 سال تھی۔ والد کینسر کے مریض تھے، لیکن میں ان کی خدمت نہیں کر سکا — یہی ملال آج بھی میرے دل میں ہے۔”
کامیڈین کے مطابق، “میری والدہ پچھلے 20 برس سے بستر پر ہیں، ان کے ڈائیلاسز ہوتے رہتے ہیں، شوگر اور وزن دونوں زیادہ ہیں۔ میں نے ان کی دیکھ بھال کے لیے دو ملازم رکھے ہوئے ہیں تاکہ ان کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہے۔”
برکت علی نے بتایا کہ “میری والدہ ہمیشہ مجھے شادی کا مشورہ دیتی رہیں، مگر میں نے ان سے کہا کہ اگر شادی کے بعد بیوی میں مصروف ہو گیا تو آپ کا خیال نہیں رکھ پاؤں گا۔ یہ سن کر والدہ نے بھی اتفاق کیا۔”
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کی خدمت کو زندگی کا سب سے بڑا فخر سمجھتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ جس طرح وہ اپنے والد کی خدمت نہ کر سکے، والدہ کے معاملے میں وہ کوئی کوتاہی نہ کریں۔