شالیمار باغ میں میگا ڈرم سرکل اور اوپن مائیک — لاہور کی ثقافتی دھڑکن گونج اٹھی

لاہور: والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر تاریخی شالیمار باغ میں رنگا رنگ میگا ڈرم سرکل اور اوپن مائیک نائٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔

“شالیمار ساؤنڈز” کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس تقریب نے لاہور کی ثقافتی زندگی میں نئی روح پھونک دی۔ 150 سے زائد ڈرمز کی جادوئی ہم آہنگی نے باغ کی فضا میں جوش و خروش بھر دیا، جب کہ موسیقی کی دلکش دھنوں اور استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والی پرفارمنس نے سامعین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

شہر بھر سے سینکڑوں شہریوں، خاندانوں اور نوجوانوں نے اس ثقافتی شام میں شرکت کی اور ڈرم سرکل کے ساتھ اوپن مائیک پرفارمنسز سے بھرپور لطف اٹھایا۔ شالیمار باغ ایک بار پھر موسیقی، ثقافت اور عوامی ہم آہنگی کا حسین منظر پیش کرتا نظر آیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، نجم الثاقب نے کہا:

“میگا ڈرم سرکل کی شاندار کامیابی لاہور کے لوگوں کی اپنی ثقافت اور موسیقی سے گہری وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ شالیمار باغ میں آئندہ بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی جو عوام کے لیے خوشی اور ورثے کا سنگم ثابت ہوں گی۔”

یہ تقریب والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور حکومتِ پنجاب کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ شہریوں کو صحت مند تفریح، ثقافتی فروغ اور تاریخی ورثے سے جوڑے رکھا جائے۔

Related posts

دبئی: شاہ رخ خان کے نام سے تعمیر ہونے والا ٹاور لانچ کے پہلے دن ہی فروخت

نامور فلمساز وکرم بھٹ اور اہلیہ مالیاتی دھوکا دہی کیس میں گرفتار

شاہ رخ خان نے کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے شو ’ٹو مچ‘ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتادی