ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اور نامور اداکار ستیش شاہ طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش شاہ ممبئی کے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے اور وہ کافی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
رپورٹس کے مطابق ستیش شاہ کی آخری رسومات کل ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔
ستیش شاہ نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1970 میں کیا اور جلد ہی انڈین فلم انڈسٹری کے معروف چہروں میں شامل ہو گئے۔ انہیں 1983 میں ریلیز ہونے والی کلاسک فلم “جانے بھی دو یارو” سے غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی، جو آج بھی بھارتی سینما کی یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہے۔
اپنے کیریئر کے دوران ستیش شاہ نے متعدد سپر اسٹارز جیسے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ کام کیا۔ وہ اپنی منفرد مزاحیہ اداکاری، برجستہ مکالموں اور ہمہ گیر کرداروں کی وجہ سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے تھے۔
فلموں کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹیلی ویژن پر بھی کامیاب کیریئر بنایا۔ ان کا مقبول ڈرامہ سیریل “یہ جو ہے زندگی” ناظرین میں بے حد مقبول ہوا، جس میں انہوں نے حیران کن طور پر 55 اقساط میں 55 مختلف کردار نبھائے تھے۔
ستیش شاہ کی وفات پر بھارتی فلم انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فلمی شخصیات نے انہیں ایک باصلاحیت، خوش مزاج اور دلوں کو چھو لینے والے فنکار کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔