کراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ذہنی دباؤ کے باعث دل کا معمولی دورہ پڑا تھا، جس کے اگلے روز ان کی انجیوگرافی کی گئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ تجربہ ان کے لیے ایک ذہنی و جسمانی آزمائش تھا، لیکن اب وہ مکمل طور پر بہتر ہیں۔
“ہم سمجھتے ہیں ہم مضبوط ہیں، مگر دباؤ خاموش قاتل ہے” — صبا قمر
صبا قمر نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر، زندگی اور ذہنی صحت سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ
“ہم سب سمجھتے ہیں کہ ہم بہت مضبوط ہیں اور ہر قسم کے حالات کا سامنا کر سکتے ہیں،
لیکن کبھی کبھار یہی حالات ہارٹ اٹیک، انزائٹی اور ڈپریشن میں بدل جاتے ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ
“مجھے حال ہی میں ذہنی دباؤ کی وجہ سے معمولی ہارٹ اٹیک ہوا،
اگلے ہی دن میری انجیوگرافی کی گئی۔
اللہ کا شکر ہے کہ اب میں بالکل بہتر ہوں۔”
“ہارٹ اٹیک کی صرف ایک نہیں، کئی وجوہات ہوسکتی ہیں”
اداکارہ کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ
“ہارٹ اٹیک صرف کولیسٹرول یا چکنائی کی زیادتی سے نہیں ہوتا،
بلکہ ذہنی دباؤ، تکلیف یا صدمہ بھی دل کے افعال کو متاثر کر سکتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں لوگ اب بھی ذہنی صحت کو سنجیدگی سے نہیں لیتے،
حالانکہ یہی انسان کی زندگی کا سب سے اہم پہلو ہے۔
“میں سب کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنی ذہنی صحت کو کبھی نظر انداز نہ کریں۔”
صبا قمر کی طبیعت خرابی کی خبر پہلے بھی سامنے آئی تھی
یاد رہے کہ رواں برس یکم اگست کو صبا قمر کو دورانِ شوٹنگ اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بعد ازاں فیملی ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ ڈاکٹروں نے انہیں ایک ماہ کے آرام کا مشورہ دیا تھا۔