بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے بچپن کی دل دہلا دینے والی یادیں مداحوں سے شیئر کیں۔ اداکار نے بتایا کہ محض 14 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے والد اور والدہ دونوں کو کھو دیا تھا، جو ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ دور تھا۔
ارشد وارثی کے مطابق ان کی والدہ کے گردے فیل ہوگئے تھے اور وہ باقاعدگی سے ڈائیلاسز کرواتی تھیں۔ ڈاکٹرز نے گھر والوں کو سختی سے ہدایت دی تھی کہ انہیں پانی نہ دیا جائے، کیونکہ اس سے ان کی حالت مزید بگڑ سکتی تھی۔
اداکار نے جذباتی انداز میں بتایا:
“ایک رات امی نے مجھ سے پانی مانگا لیکن میں نے نہیں دیا، کیونکہ ڈاکٹر نے منع کیا تھا۔ اسی رات ان کا انتقال ہو گیا۔ برسوں گزر گئے لیکن وہ لمحہ آج بھی میرے دل پر نقش ہے۔ اکثر سوچتا ہوں کہ کاش میں انہیں آخری بار پانی پلا دیتا۔”
انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس وقت پانی دے دیتے اور والدہ کا انتقال ہو جاتا، تو بھی وہ خود کو عمر بھر الزام دیتے، مگر اب پچھتاوا یہ ہے کہ انہوں نے اپنی ماں کی آخری خواہش پوری نہیں کی۔
ارشد وارثی نے بتایا کہ والدین کے انتقال کے بعد نہ صرف جذباتی صدمہ بلکہ مالی مشکلات بھی بڑھ گئیں۔
“والد کا کاروبار پہلے ہی تباہ ہو چکا تھا، اسی لیے ہمیں بڑے گھر سے چھوٹے گھر میں جانا پڑا۔ والدین کی موت کے بعد میں مضبوط بننے کی کوشش کرتا رہا، لیکن چند ہفتوں بعد میرا ضبط ٹوٹ گیا۔”
اداکار کے اس انکشاف نے مداحوں کو بھی غمگین کر دیا، جنہوں نے سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ ہمدردی اور دعاؤں کے پیغامات شیئر کیے۔