پاکستان کے معروف گلوکار و موسیقار فیصل کپاڈیا، جو تین دہائیوں تک مشہور بینڈ اسٹرنگز کا حصہ رہے، نے ایک غیر ملکی انٹرویو میں حیران کن انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کی سینئر اداکارہ ڈمپل کپاڈیا رشتے میں ان کی بھتیجی لگتی ہیں۔
فیصل کپاڈیا نے اپنے کیرئیر، موسیقی کے سفر اور بچپن کی یادوں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلی بار گانے کی صلاحیت کا احساس 1980 میں ہوا، جب وہ پاکستان کے معروف میوزک کمپوزر سہیل رانا کے بچوں کے پروگرام ’سارے دوست ہمارے‘ میں شامل ہوئے۔ اُس وقت ان کی عمر محض 9 سے 10 سال تھی۔
انٹرویو کے دوران فیصل کپاڈیا نے انکشاف کیا:
“بھارتی اداکارہ ڈمپل کپاڈیا رشتے میں میری بھتیجی لگتی ہیں۔ ان کے والد چنی بھائی 1984 میں ہمارے کزن کی شادی کے لیے کراچی آئے تھے۔”
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے اپنی کزن کی شادی میں گانا بھی گایا تھا، جس پر چنی بھائی نے خوش ہو کر وعدہ کیا کہ وہ انہیں بالی وڈ میں گانے کا موقع دلائیں گے۔
“چنی بھائی نے مجھ سے کہا تھا کہ میں تمہیں بھارت بلا کر فلموں میں گانے کا موقع دوں گا، لیکن بدقسمتی سے کچھ عرصے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔”
فیصل کپاڈیا نے مزید بتایا کہ بعد میں انہوں نے بالی وڈ کے لیے گانے گائے، جن میں ان کا پہلا گانا “یہ ہے میری کہانی” اور “اسپائیڈر” شامل ہیں۔
گلوکار کے اس انکشاف نے مداحوں کو حیران کر دیا، اور سوشل میڈیا پر فیصل کپاڈیا اور ڈمپل کپاڈیا کے ممکنہ خاندانی رشتے کے بارے میں تجسس بڑھ گیا ہے۔