ٹورنٹو: بھارتی سپراسٹار مادھوری ڈکشٹ کے کینیڈا میں ہونے والے کانسرٹ ’دل سے مادھوری‘ میں تین گھنٹے تاخیر سے پہنچنے پر مداح ناراض ہوگئے اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کانسرٹ 2 نومبر کو ٹورنٹو کے گریٹ کینیڈین کیسینو ریزورٹ میں منعقد ہوا تھا۔
شو کی تشہیر میں مادھوری کی تصاویر اور پرووموشنل ویڈیوز کا استعمال کیا گیا تھا، جس نے مداحوں کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا تھا۔
تاہم مداحوں کے مطابق مادھوری ڈکشٹ رات 10 بجے کے بعد اسٹیج پر آئیں اور صرف مختصر گفتگو کے بعد چلی گئیں، جس کے باعث شائقین نے اس شو کو ’اب تک کا سب سے بدترین شو‘ قرار دیا۔
مداحوں کا غصہ
کانسرٹ کے سوشل میڈیا پیجز پر مداحوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا:
“ہم مادھوری کے لیے آئے تھے، لیکن وہ تین گھنٹے تاخیر سے آئیں۔ یہ وقت اور پیسوں کا ضیاع تھا۔ تمام شرکا کو ٹکٹ کی رقم واپس ملنی چاہیے۔”
ایک اور صارف نے کہا:
“جونہی معلوم ہوا کہ وہ بروقت نہیں آئیں گی، لوگ شو چھوڑ کر جانا شروع ہوگئے۔”
انتظامیہ کی وضاحت
شدید تنقید کے بعد ایونٹ منتظمین نے وضاحتی بیان جاری کیا:
• شو مقررہ وقت پر شروع کیا گیا
• آغاز میں انڈین آئیڈیل کے معروف گلوکاروں نے پرفارم کیا
• مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ سوال و جواب سیشن اور پھر 60 منٹ کی پرفارمنس شیڈول تھی
• لیکن مادھوری کی مینجمنٹ نے ان کی آمد کے وقت کے بارے میں غلط معلومات فراہم کیں
ایونٹ منتظمین نے کانسرٹ کی مادھوری پرفارمنس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے تاکہ ثابت کیا جا سکے کہ اداکارہ نے اسٹیج پرفارمنس دی تھی۔
تاہم مداحوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے.