ممبئی: بالی وڈ کے معروف ہدایتکار اور فلم ساز کرن جوہر نے اپنی نسوانی چال ڈھال اور اس میں تبدیلی کے لیے کی گئی ذاتی جدوجہد سے متعلق حیران کن انکشاف کیا ہے۔
کرن جوہر نے حال ہی میں میزبان ثانیہ مرزا کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنی زندگی کے مختلف اتار چڑھاؤ، سنگل پیرنٹنگ اور ذاتی ترقی کے پہلوؤں پر بات کی۔
انٹرویو کے دوران کرن جوہر نے بتایا کہ:
• 1989 میں میری عمر 15 سال تھی اور اس وقت جب لڑکے عام طور پر کھیلوں میں مشغول ہوتے تھے، میں مختلف نئے ہنر سیکھنے کا شوقین تھا۔
• میں نے فرانسیسی زبان، کوکنگ، فلاور اور فروٹ ارینجمنٹ کے ساتھ ساتھ امپورٹ ایکسپورٹ کے کورسز کیے۔
• اسکول میں مجھے تقاریر اور ٹیبلو کا شوق تھا، جس کے لیے میں پبلک اسپیکنگ بھی سیکھ رہا تھا۔
کرن جوہر نے مزید کہا کہ اس دوران ان کے کوچ نے بتایا کہ:
“آپ ایک بہترین اسٹوڈنٹ ہیں، اچھی گفتگو کرتے ہیں، لیکن آپ کا انداز لڑکیوں کی طرح ہے۔ یہ مستقبل میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے، اس لیے آپ کو مردانہ انداز میں بات کرنا سیکھنا ہوگا۔”
کرن جوہر نے اس کے بعد تین سال تک اپنے کوچ اور ان کی بیگم کے گھر ہفتے میں تین دن، دو گھنٹے کلاسز لیں۔ اس دوران انہوں نے مردوں کی طرح بات کرنا اور چلنا سیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ والدین کو اس بات کا علم نہ ہو، اس لیے والدین کو بتایا کہ وہ کمپیوٹر کلاس لے رہے ہیں اور فیس بھی اسی کے لیے دی جاتی رہی۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ان کی شخصیت اور اعتماد کے لیے انتہائی اہم رہا اور اس نے انہیں معاشرتی توقعات کے مطابق خود کو ڈھالنے میں مدد دی۔
یہ انکشاف کرن جوہر کی ذاتی زندگی کے ان پہلوؤں کو اجاگر کرتا ہے جنہیں عوامی سطح پر پہلے کم ہی جانتے تھے۔