بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر متنازع رویّے کے سبب تنقید کی زد میں آگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر آریان خان کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جو مبینہ طور پر 28 نومبر کی ایک کلب پارٹی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آریان کے ہمراہ مقامی سیاسی رہنماؤں کے بیٹے بھی موجود تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آریان خان پارٹی کے دوران اوپر سے کھڑے ہوکر نیچے موجود افراد کی جانب ہاتھ ہلا رہے ہیں، اسی دوران انہوں نے ایک نامناسب اشارہ بھی کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مداحوں اور صارفین کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے اسٹار کے بیٹے ہونے کے ناتے آریان کو ذمہ دارانہ رویّہ اپنانا چاہیے اور ایسی حرکات سے گریز کرنا چاہیے جو ان کی اور ان کے خاندان کی ساکھ پر منفی اثر ڈالیں۔
آریان خان اس سے قبل بھی کئی مواقع پر خبروں کی زینت بن چکے ہیں، جبکہ تازہ ویڈیو نے ایک بار پھر انہیں سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا دیا ہے.