ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ارجن رامپال نے 6 سالہ رفاقت کے بعد اپنی پارٹنر گیبریئیلا ڈیمیٹریاڈس سے منگنی کی تصدیق کر دی ہے۔
ارجن رامپال نے اس بات کا انکشاف حال ہی میں اداکارہ ریا چکرورتی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ گفتگو کے دوران گیبریئیلا ڈیمیٹریاڈس نے محبت اور والدین بننے کے تجربے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
گیبریئیلا نے کہا کہ محبت اکثر شرائط کے ساتھ آتی ہے، لیکن جب آپ کے بچے ہوں تو آپ ایسی شرائط نہیں رکھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست نہیں کہ وہ ارجن رامپال کے پیچھے صرف ان کی خوبصورتی کی وجہ سے گئیں، اور امید ہے کہ ارجن نے بھی ان کے بارے میں ایسا نہیں سوچا ہوگا۔
اس پر ارجن رامپال نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ وہ واقعی ابتدا میں گیبریئیلا کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے تھے، لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ ان میں خوبصورتی کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔
انٹرویو کے دوران گیبریئیلا نے کہا کہ وہ اس وقت شادی شدہ نہیں ہیں، جس پر ارجن رامپال نے فوراً وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم منگنی کر چکے ہیں‘‘۔ ارجن کا یہ انکشاف سن کر میزبان ریا چکرورتی بھی حیران رہ گئیں۔
واضح رہے کہ ارجن رامپال اور گیبریئیلا ڈیمیٹریاڈس 2018 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ان کے دو بیٹے بھی ہیں۔ اداکار کی جانب سے منگنی کی تصدیق کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے.