نیو یارک: امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ایک غیر معمولی اقدام نے ان کے مداحوں سمیت دنیا بھر میں سب کو دنگ کر دیا ہے۔ عالمی سطح پر ریکارڈ توڑنے والے ٹور کے بعد ٹیلر سوئفٹ نے اپنے عملے کو خطیر رقم بطور بونس دے کر مثال قائم کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ٹور سے تقریباً 2 ارب ڈالر کمانے والی ٹیلر سوئفٹ نے اپنے عملے کے لیے 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (197 ملین ڈالر) کے بونس کا اعلان کیا، جس پر عملے کے ارکان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے۔
رپورٹ کے مطابق 36 سالہ گلوکارہ نے 21 ممالک میں مجموعی طور پر 149 کنسرٹس کیے، جو موسیقی کی تاریخ کے کامیاب ترین ٹورز میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ بونس کے اعلان کے ساتھ ہی ٹیلر سوئفٹ نے اپنے عملے کو اظہارِ تشکر پر مشتمل ایک خط بھی دیا، جس میں ان کی محنت اور لگن کو سراہا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے نہ صرف اپنے مرکزی عملے بلکہ ٹور سے وابستہ ٹرک ڈرائیوروں کو بھی فی کس ایک لاکھ ڈالر بونس دیے، جسے شوبز انڈسٹری میں ایک غیر معمولی اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ان کی کامیابی کے پیچھے موجود ٹیم کے لیے ایک بہترین اعتراف ہے.