کرینہ کپور کے ساتھ تعلقات کے آغاز میں عدم تحفظ کا شکار تھا، سیف علی خان کا اعتراف

ممبئی: بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے اعتراف کیا ہے کہ اپنے اور اہلیہ کرینہ کپور کے تعلقات کے ابتدائی دنوں میں وہ حسد اور عدم تحفظ کا شکار ہو جایا کرتے تھے، خاص طور پر اس وقت جب کرینہ دیگر اداکاروں کے ساتھ فلموں میں کام کرتی تھیں۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سیف علی خان نے اپنے ذاتی تعلقات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وقت کی سب سے بڑی اسٹار کرینہ کپور کے ساتھ ڈیٹ کرنا ان کے لیے ایک بالکل نیا اور مختلف تجربہ تھا۔ ماضی کے تعلقات کے برعکس کرینہ نہ صرف انتہائی مصروف اداکارہ تھیں بلکہ کامیابی، شہرت اور عوامی توجہ کا بھی مرکز تھیں۔

سیف علی خان نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں اس حقیقت کو قبول کرنا ان کے لیے مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرینہ کا دوسرے مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرنا انہیں حسد اور عدم تحفظ میں مبتلا کر دیتا تھا اور اس صورتحال کو سمجھنے میں وقت لگا۔

اداکار کے مطابق انہیں ایک موقع پر مشورہ دیا گیا کہ وہ اس رشتے کو یوں دیکھیں جیسے وہ کسی ہیرو کو ڈیٹ کر رہے ہوں۔ سیف نے کہا کہ یہ بات ان کے ذہن میں نقش ہو گئی تھی، کیونکہ ان کے حریف اداکار اکثر کرینہ کے دوست بن جاتے تھے اور وہ حیران ہوتے تھے کہ یہ سب کیسے ممکن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سیف علی خان نے کہا کہ اس دور میں یہ تمام جذبات ان کے لیے خاصے الجھا دینے والے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے احساسات سے نمٹنے کے لیے پختگی، خود اعتمادی اور وقت درکار ہوتا ہے، اور یہ خوبیاں صرف سچی وابستگی اور مضبوط تعلق کے ساتھ ہی پروان چڑھتی ہیں۔

واضح رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور نے 2012 میں شادی کی تھی۔ اس جوڑے کے دو بیٹے تیمور اور جہانگیر ہیں، اور دونوں بالی وڈ کے مقبول ترین اسٹار جوڑوں میں شمار ہوتے ہیں.

Related posts

ٹیلر سوئفٹ کا شاندار اقدام، عالمی ٹور کے عملے کو 197 ملین ڈالر کا بونس دے کر سب کو حیران کر دیا

ارجن رامپال نے 6 سالہ رفاقت کے بعد گیبریئیلا ڈیمیٹریاڈس سے منگنی کی تصدیق کر دی

دبئی: شاہ رخ خان کے نام سے تعمیر ہونے والا ٹاور لانچ کے پہلے دن ہی فروخت