کراچی: پاکستانی سابق اداکارہ، گلوکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رابی پیرزادہ نے نجی تقریب میں شادی کر کے اپنی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
نکاح کی تقریب سادگی کے ساتھ منعقد ہوئی اور صرف قریبی اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ رابی نے انسٹاگرام پر تقریب کی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ اپنے والدین، بھائی اور ماموں کے ہمراہ نظر آئیں۔ اس موقع پر انہوں نے روایتی کریم اور سرخ لباس زیب تن کیا، جس میں ان کا انداز مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
اگرچہ رابی کے شوہر نے تاحال کوئی تصویر شیئر نہیں کی، تاہم رابی کی پوسٹس سے مداحوں کو اس خوشگوار موقع کی جھلک ضرور ملی۔
سوشل میڈیا پر مداحوں اور خیرخواہوں کی جانب سے شادی پر مبارک باد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی صارفین نے جوڑے کے لیے خوشیوں اور کامیاب ازدواجی زندگی کی دعائیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے بتایا تھا کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر شادی کی پیشکشیں موصول ہوتی ہیں، حتیٰ کہ ان کی فاؤنڈیشن کے نمبرز پر آنے والے ہر تیسرے پیغام میں شادی کی پیشکش شامل ہوتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی پر بات کرنا پسند نہیں کرتیں اور نجی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتیں۔