ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے ماضی کے سپر اسٹار راجیش کھنہ کا مشہور بنگلہ “آشیرواد” خریدنے اور ان کی فلم میں بغیر معاوضہ کام کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم راجیش کھنہ نے اسے دھوکہ سمجھتے ہوئے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1960 اور 1970 کے عشرے میں راجیش کھنہ مالی مشکلات کا شکار تھے۔ اس دوران سلمان خان نے نہ صرف بنگلے کو خریدنے بلکہ اپنے بھائی سہیل خان کے لیے اسے محفوظ کرنے کی پیشکش بھی کی اور بھاری انکم ٹیکس کے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی، لیکن راجیش کھنہ نے ان کی نیت پر شک کرتے ہوئے پیشکش قبول نہیں کی۔
راجیش کھنہ نے 1970 کی دہائی کے اوائل میں اداکار راجندر کمار سے آشیرواد ساڑھے تین لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ معروف مصنف گوتم چنتامانی کے مطابق، راجیش کھنہ بنگلے میں شاہانہ انداز میں رہتے تھے، ملاقات کے لیے آنے والے پروڈیوسرز کو انتظار کرواتے اور اپنی محفلوں سے لطف اندوز ہوتے تھے۔
بعد میں راجیش کھنہ کا کیریئر زوال پذیر ہوا اور ان کی جگہ امیتابھ بچن نے فلمیں “زنجیر”، “شعلے” اور “دیوار” کے ذریعے لے لی۔ آشیرواد بعد میں کسی اور کے ہاتھ میں گیا اور وہاں بلند عمارت تعمیر کر دی گئی۔
راجیش کھنہ بھارتی سینما کے پہلے سپر اسٹار تھے اور 1969 سے 1972 کے دوران لگاتار 15 سولو ہٹ فلموں کا ریکارڈ قائم کیا، جس کے دوران انہوں نے ممبئی کے کارٹر روڈ پر سمندر کنارے اپنا مشہور بنگلہ آشیرواد خریدا، جو ان کی بے مثال شہرت اور شان و شوکت کی علامت بن گیا۔