بگ باس تمل 9 میں خطرناک ٹاسک، اداکارہ سینڈرا ایمی پریجن کو گاڑی سے دھکیل دیا گیا

بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس تمل سیزن 9 ایک خطرناک واقعے کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے، جہاں ایک ٹاسک کے دوران اداکارہ سینڈرا ایمی پریجن کو مبینہ طور پر ساتھی فنکاروں نے گاڑی سے باہر دھکیل دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ شو کے “ٹکٹ ٹو فائنل” ہفتے کے ایک ٹاسک کے دوران پیش آیا، جہاں پرووتھی عرف وی جے پیرو اور کامارودین نے سینڈرا کو زبردستی گاڑی سے نیچے دھکیل دیا۔ اس اچانک اور جارحانہ حرکت کے بعد سینڈرا شدید خوف اور گھبراہٹ کا شکار ہو گئیں۔

واقعے کے فوراً بعد شو میں موجود دیگر شرکا نے اس رویے پر احتجاج کیا، تاہم مبینہ طور پر دونوں ملزمان گاڑی میں ہی بیٹھے رہے۔ سینڈرا کے زمین پر گرنے کے بعد سباری ناتھن اور گنا ونوت کمار نے فوری طور پر ان کی مدد کی، جبکہ بعد ازاں انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق سینڈرا ایمی پریجن نے واقعے کے بعد بگ باس انتظامیہ سے درخواست کی کہ انہیں گھر بھیج دیا جائے تاکہ وہ اپنے شوہر کے پاس جا سکیں، کیونکہ وہ مذکورہ شرکا کی جانب سے دوبارہ کسی جارحانہ رویے سے خوفزدہ ہیں۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں صارفین شو کے میزبان وجے ستھوپتی اور بگ باس انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ریئلٹی شو کے ٹاسک اس حد تک خطرناک نہیں ہونے چاہئیں کہ شرکا کی جان کو خطرہ لاحق ہو جائے۔

تاحال شو انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم ناظرین اور شائقین واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Related posts

انڈین آئیڈل کے فاتح پراشانت تمانگ کا انتقال، بھارتی شوبز انڈسٹری میں غم کی لہر

ٹرانس جینڈر ڈانسر مہک ملک نے معاوضے سے متعلق حیران کن انکشاف کر دیا

پنجاب: تھیٹر ڈراموں میں 106 پنجابی گانوں پر پابندی، معیاری تفریح کو ترجیح دی گئی