سابق اداکارہ اور گلوکارہ رابی پیرزادہ نے پہلی بار اپنی شادی اور خلع سے متعلق تفصیلات منظرِ عام پر لا دی ہیں اور اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ازدواجی زندگی کے مسائل کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
حال ہی میں اداکار احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی زندگی، سماجی خدمات اور ماضی کے فیصلوں پر کھل کر گفتگو کی۔ دورانِ گفتگو شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ شادی شدہ رہ چکی ہیں اور بعد ازاں خلع لے چکی ہیں، تاہم اس بارے میں وہ اس سے قبل کبھی بات نہیں کر پائیں۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ شادی شدہ زندگی کے دوران پیش آنے والے مسائل کے بعد انہوں نے خلع کا راستہ اختیار کیا، اور یہ فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات پہلی مرتبہ عوام کے سامنے بیان کر رہی ہیں۔
دوبارہ شادی کے حوالے سے سوال پر سابق اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ مستقبل میں ایک بار پھر شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنا چاہتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہ کوئی ایسا سمجھوتہ جو نہیں کرنا چاہیے تھا، رابی پیرزادہ نے کہا کہ انہیں والدین کے دباؤ میں آ کر شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی وٹا سٹا یعنی ایکسچینج میرج تھی، جو بعد میں ان کے لیے مشکلات کا سبب بنی۔
رابی پیرزادہ کے اس کھلے اعتراف کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ مل رہی ہے، جہاں صارفین ان کی ایمانداری اور جرات کو سراہ رہے ہیں۔