بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بھارت کے معروف کامیڈین سنیل گروور کی جانب سے اپنی نقل اتارنے والی پرفارمنس کو بے حد متاثر کن اور شاندار قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں سنیل گروور مشہور کامیڈی پروگرام دی گریٹ انڈین کپل شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے عامر خان کے انداز، باڈی لینگویج، گفتگو اور حتیٰ کہ چلنے کے انداز کی بھی بھرپور نقل کی۔ اس ایپی سوڈ میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے مہمان تھے، جبکہ سنیل گروور عامر خان کے حلیے میں اسٹیج پر آئے اور حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
سنیل گروور کی یہ پرفارمنس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ان کی اداکاری اور مشابہت کی دل کھول کر تعریف کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے عامر خان نے بالی وڈ ہنگامہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اسے محض مِمکری نہیں کہیں گے، کیونکہ سنیل گروور کی اداکاری اتنی حقیقی تھی کہ انہیں یوں محسوس ہوا جیسے وہ خود کو اسٹیج پر دیکھ رہے ہوں۔
عامر خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے فی الحال اس پرفارمنس کا صرف ایک مختصر کلپ دیکھا ہے، تاہم اب وہ پورا ایپی سوڈ دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ کلپ دیکھ کر وہ اتنا ہنسے کہ کچھ لمحوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل ہو گیا تھا۔
عامر خان کے اس ردعمل کے بعد مداحوں کی جانب سے سنیل گروور کی پرفارمنس کی پذیرائی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ شوبز حلقوں میں بھی اس کامیڈی ایکٹ کو خوب سراہا جا رہا ہے۔