کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور پروڈیوسر حریم فاروق نے اپنے مستقبل کے لائف پارٹنر سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی رومانوی شخصیت کی جھلک دکھا دی۔ حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے محبت، رشتوں اور دل ٹوٹنے کے تجربے پر کھل کر بات کی۔
انٹرویو کے دوران حریم فاروق نے کہا کہ وہ فطرتاً بہت فلمی اور رومانوی مزاج رکھتی ہیں اور ہمیشہ ایک خوابناک محبت کی خواہش مند رہی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق وہ چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی میں کوئی ایسا شخص آئے جو کسی شہزادے کی طرح ہو اور انہیں بگی پر بٹھا کر اپنی دنیا میں لے جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بالی وڈ اور ہالی وڈ کی رومانوی فلموں کی بڑی مداح ہیں۔ حریم فاروق نے کہا کہ انہیں فلمیں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’دل تو پاگل ہے‘ اور ’ٹائٹینک‘ بے حد پسند ہیں، جبکہ فلم ٹائٹینک وہ کئی بار دیکھ چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی محبت متاثر کرتی ہے جس میں انسان اپنے محبوب کے لیے دوسروں سے لڑنے اور خود کو بدلنے کے لیے تیار ہو، کیونکہ یہی حقیقی محبت کی علامت ہوتی ہے۔
دل ٹوٹنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے حریم فاروق نے اعتراف کیا کہ یہ مرحلہ انسان کے لیے بے حد مشکل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دل ٹوٹنے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں لگا کہ شاید دنیا ختم ہو گئی ہے اور وہ تقریباً ایک ماہ تک اسی کیفیت میں رہیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے اپنی سوچ بدلی اور خود کو یہ سمجھایا کہ زندگی ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ بہت کچھ باقی ہے۔
اداکارہ کے مطابق وقت کے ساتھ انسان سیکھتا ہے کہ مشکلات اور ناکام رشتے زندگی کا اختتام نہیں بلکہ آگے بڑھنے کا موقع ہوتے ہیں۔ ان کے اس کھلے دل کے اعتراف کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے خیالات پر مختلف آرا بھی سامنے آ رہی ہیں۔