نئی دہلی: بھارت کے مشہور میوزک شو ’انڈین آئیڈل‘ کے سیزن 3 کے فاتح گلوکار و اداکار پراشانت تمانگ کا اچانک انتقال ہو گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پراشانت کا انتقال اتوار کے روز ان کی نئی دہلی میں رہائش گاہ پر دل کے دورے کے باعث ہوا۔ ان کی عمر صرف 43 سال تھی۔
پراشانت نے 2007 میں انڈین آئیڈل سیزن 3 جیت کر ملک گیر شہرت حاصل کی اور اس کے بعد انہوں نے نہ صرف بھارت بلکہ بیرونِ ملک بھی متعدد پرفارمنسز کیں، جنہیں شائقین نے بے حد سراہا۔
گلوکاری کے علاوہ پراشانت نے فلم اور ویب سیریز میں بھی کام کیا۔ 2010 میں انہوں نے نیپالی فلم گورکھا پلٹن سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں نشانی اور پردیسی جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بھارت کی مشہور ویب سیریز پاتال لوک سیزن 2 میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا، جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔
پراشانت کی اچانک موت کی خبر کے بعد بھارتی شوبز انڈسٹری کی مختلف شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعاؤں کا پیغام دیا۔ ان کے مداح اور فالوورز بھی ان کے اچانک جانے پر صدمے میں ہیں اور شائقین نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
پراشانت تمانگ کے انتقال کے بعد ان کے گلوکاری اور اداکاری کے شعبے میں کیے گئے کام کو یاد کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے انہیں ایک باصلاحیت اور محنتی فنکار قرار دیا جو جلدی دنیا سے رخصت ہو گیا۔