اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے حکومت کی مقررہ فیسوں پر عمل درآمد نہ کرنے والے نجی میڈیکل کالجز کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں تمام نجی میڈیکل کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹس پر من مانی فیس اسٹرکچر فوراً ختم کریں اور ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کے لیے صرف وفاقی حکومت کی منظور شدہ فیسیں ظاہر کریں۔
پی ایم ڈی سی نے خبردار کیا ہے کہ ہدایت پر عمل نہ کرنے والے اداروں کی اکریڈیشن (تسلیم شدہ حیثیت) معطل کر دی جائے گی۔
کونسل کا کہنا ہے کہ بعض نجی میڈیکل کالجز طلبہ سے مقررہ حد سے زیادہ فیسیں وصول کر رہے ہیں، جو کہ حکومت کی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ اس ضمن میں پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ حکومتی فیس ڈھانچے سے انحراف کرنے والے کالجز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی ایم ڈی سی کا مقصد نجی و سرکاری میڈیکل تعلیم کے معیار اور شفافیت کو برقرار رکھنا ہے تاکہ طلبہ اور والدین کو غیر ضروری مالی دباؤ سے بچایا جا سکے۔