شیخوپورہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے ذہنی توازن کھو چکی خاتون جنت کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور متعلقہ حکام کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔
خواجہ عمران نذیر نے جنت کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ پورا واقعہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں ہے اور خاتون کے ساتھ ہونے والے بدترین سلوک کو سن کر ہی روح کانپ جاتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جنت کو ہر صورت انصاف دلایا جائے گا اور زیادتی کرنے والے افراد سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے آئی جی پنجاب کو بھی فون کر کے ہدایت دی، جس پر آئی جی پنجاب نے ڈی پی او شیخوپورہ کو کیس کی تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کیں۔ خواجہ عمران نذیر نے جنت کے والد اور بیٹے سے بھی بات چیت کی اور انصاف کی یقین دہانی کروائی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ خواتین کا استحصال وزیر اعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن ہے اور جنت کے ساتھ ہونے والے ظلم کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔